کانز (اے ایف پی) سینما کی دنیا سے تعلق رکھنے والی 380 سے زائد شخصیات بشمول فلم شنڈلر لسٹ کے اداکار رالف فینس نے کانز فیسٹیول کے آغاز سے قبل گزشتہ روز شائع ہونے والے ایک کھلے خط میں غزہ میں نسل کشی کی مذمت کی۔ متعدد فلسطینی حامی کارکن گروپوں کی جانب سے شروع کردہ اور فرانسیسی اخبار لبریشن اور امریکی میگزین ورائٹی میں شائع ہونے والے خط میں کہا گیا کہ غزہ میں نسل کشی کے دوران ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔خط پردستخط کرنے والوں میں ہالی ووڈ کے ستارے رچرڈ گیئر اور سوسن سارینڈن کے ساتھ ساتھ مشہور ہسپانوی ہدایت کار پیڈرو الموڈوور اور کانز کے سابق فاتح روبن اوسٹلنڈ شامل ہیں ،انہوں نے غزہ کی فوٹو جرنلسٹ فاطمہ حسونہ کی شہادت کی مذمت کی۔25 سالہ فاطمہ حسونہ ایرانی ہدایت کار سپیدہ فارسی کی دستاویزی فلم کا موضوع ہے، جس کا پریمیئر جمعرات کو کانز میں ہوگا، جس کا عنوان ہےاپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر چلو۔اے سی آئی ڈی کانز میں دستاویزی فلم کے منتخب ہونے کے اعلان کے دوسرے روزفاطمہ حسونہ گزشتہ ماہ شمالی غزہ میں اپنے خاندانی گھر پر اسرائیلی فضائی حملے میں 10رشتہ داروں کے ہمراہ شہید ہوگئی تھیں۔