( 24 نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن الثانی سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے خطے میں امن و استحکام، پاک بھارت کشیدگی اور حالیہ پہلگام واقعہ سے متعلق پاکستان کے اصولی اور واضح مؤقف سے آگاہ کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ ہیں، جو خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے اس واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے، جو ہمارے مؤقف کی شفافیت اور اصولی پالیسی کو ظاہر کرتی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دنیا کو جاننا چاہیے کہ اس واقعے کے اصل ماسٹر مائنڈ کون ہیں اور اس سے فائدہ کس نے اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اس واقعے کو بنیاد بنا کر سندھ طاس معاہدے پر وار کیا جو پاکستان کے لیے لائف لائن کی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستان خطے میں دیرپا امن کا خواہاں ہے، تاہم کسی قسم کی جارحیت پر خاموش نہیں رہا جا سکتا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کے اہم شہر میں چیتے کا سڑکوں پر مٹر گشت
قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن الثانی نے ملاقات کے دوران کہا کہ ان کی حکومت خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل کی حامی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سفارتی کوششوں سے موجودہ کشیدگی کم ہوگی۔
وزیراعظم قطر نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھیجا اور کہا کہ وہ پاکستان کی معیشت کو درست سمت میں لے جانے کے لیے محنت کر رہے ہیں۔ ملاقات میں قطر میں پاکستانی سفیر محمد عامر اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔