بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے وزیر نے بھارتی فوج کی کرنل صوفیہ قریشی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں پہلگام واقعے میں ملوث افراد کی بہن قرار دے دیا۔
بھارت کی حکمراں جماعت بی جے پی کے قبائلی امور کے وزیر کنور وجے شاہ نے بھارتی فوج کی مسلم خاتون افسر کرنل صوفیہ قریشی کے خلاف متنازع اور نفرت انگیز بیان دے کر بھارت میں ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔
مدھیہ پردیش کے ضلع اندور میں ایک عوامی اجتماع کے دوران وزیر نے آپریشن سندور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں (پہلگام واقعے میں ملوث نامعلوم افراد جنہیں بھارتی مسلمان قرار دیتے ہیں) نے ہماری بیٹیوں کو بیوہ کیا، ہم نے انہی لوگوں کی بہن کو بھیجا انہیں سبق سکھانے کے لیے۔
کنور وجے شاہ کے مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیان کے بعد بھارت بھر میں شدید غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی۔
انڈین نیشنل کانگریس نے سوشل میڈیا پر سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی بہادر بیٹیوں کو حملہ آوروں کی بہنیں قرار دینا شرمناک ہے، یہ بیان نا صرف کرنل صوفیہ قریشی بلکہ پوری بھارتی فوج کی توہین ہے۔
کانگریس نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی قیادت فوراً اس بیان پر معذرت کرے اور وزیر کو عہدے سے برطرف کیا جائے۔
بھارتی فوج کی کرنل صوفیہ قریشی نے آپریشن سندور کی تفصیلات بناتے ہوئے پاک فوج کی جوابی کارروائیوں میں بھارت کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کیا تھا۔