لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے بانیٔ پی ٹی آئی کے پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
جج منظر علی گل نے سماعت کی، جس کے دوران بانیٔ پی ٹی آئی کی طرف سے بیرسٹر سلمان صفدر پیش ہوئے اور کہا کہ پولیس کو 9 مئی کے واقعے کے 727 دن بعد پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروانا یاد آیا ہے۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ پولیس کے ٹیسٹ کروانے کی درخواست سے قبل 21 کیسز میں ضمانت بھی ہو چکی۔
انہوں نے کہا کہ جن بیانات پر بانی کے وائس میچ ٹیسٹ کی درخواست دی گئی ان بیانات کو لاہور ہائی کورٹ قانونی قرار دے چکی ہے۔
اس موقع پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ عدالت کے حکم کے بعد بانیٔ پی ٹی آئی نے جیل میں اپنے وکیل کے بغیر ٹیسٹ کروانے سے انکار کیا، بانیٔ پی ٹی آئی کا وائس میچ ٹیسٹ کروانا قانونی تقاضہ ہے۔
انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے پولی گرافک، فوٹو گرامیٹک اور وائس میچ ٹیسٹ کروانے کی اجازت دی جائے۔