دنیا کے مقبول ترین سرچ انجن گوگل نے ایک دہائی کے بعد اپنا لوگو تبدیل کر لیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گوگل نے اپنے مشہور لوگو ‘G’ میں گزشتہ 10 برسوں میں پہلی بار تبدیلی کی ہے۔
گوگل نے تقریباً ایک دہائی میں پہلی بار اپنے مشہور لوگو کو نئے سرے سے تیار کیا ہے، جس میں ایک ایسا گریڈینٹ ڈیزائن متعارف کروایا گیا ہے جو رنگ کے توازن اور گہرائی کو بڑھاتا ہے۔
پہلے لوگو کے حرف ‘جی’ میں 4 رنگ لال، پیلے، ہرے اور نیلے الگ الگ نمایاں تھے لیکن اب تبدیلی کے بعد لال، پیلے، ہرے اور نیلے رنگ ایک ساتھ نظر آتے ہیں۔ اس نئی تبدیلی کے بعد لوگو کو دیکھ کر معلوم یوں ہوتا ہے کہ یہ رنگ قوس و قزح کی طرح ایک کے بعد ایک نکل رہے ہوں۔
یہ اپ ڈیٹ پہلے سے ہی گوگل آئی او ایس ایپ پر لائیو ہے، اسے اتوار کو آئی او ایس ایپ میں اپ ڈیٹ کے طور پر متعارف کروایا گیا تھا، تاہم اینڈرائیڈ اور دیگر پلیٹ فارمز کے لیے منصوبہ بندی کی تصدیق ہونا باقی ہے۔
گوگل 16.8 بیٹا ایپ میں اسی طرح کی اپ ڈیٹ نے اینڈرائیڈ پر آئیکونک ‘G’ لوگو میں نئے رنگ شامل کیے ہیں۔
ٹیک کمپنی نے ابھی یہ انکشاف نہیں کیا کہ نئے لوگو اپ ڈیٹ کا اطلاق چھ حروف والے ‘گوگل’ لوگو پر بھی ہوگا یا نہیں۔ گوگل نے اس بات کی بھی تصدیق نہیں کی کہ نیا لوگو اس کی دیگر ایپس، جیسے کروم یا میپس کے لیے اپنایا جائے گا یا نہیں۔
واضح رہے گوگل لوگو کی آخری اپ ڈیٹ 2015 میں کی گئی تھی۔