کراچی:
شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پیر کی شب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا ، مقتول نجی کمپنی کا ملازم اور تین بچوں کا باپ تھا
تفصیلات کے مطابق پیرآباد کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر فائیو ای غوثیہ مسجد کے قریب فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے ابتدائی طبی امداد کے بعد نارتھ ناظم آباد میں واقعے نجی اسپتال لے جایا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 38 سالہ محمد کاشان ولد ارشاد حسین کے نام سے کی گئی ، کاشان کے سینے پر گولی لگی تھی جو پیر اور منگل کی درمیانی شب نجی اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
مزید پڑھیں: کراچی؛ مسجد کے باہر ٹرانسپورٹر کو قتل کرنے کی ویڈیو سامنے آگئی
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر پیش آیا ، مقتول کے کزن نے بتایا کہ محمد کاشان اورنگی ٹاون نمبر پانچ ای ڈاکخانہ کے قریب کا رہائشی اور نجی کمپنی میں ملازمت کرتا تھا جبکہ مقتول تین بچوں کا باپ تھا دو لڑکیاں اور ایک لڑکی ، چھوٹی بیٹی کی 8 ماہ قبل پیدائش ہوئی تھی۔
مقتول کے کزن نے واقعے کے بارے میں بتایا کہ موٹر ساٸیکل سوار ملزمان لوٹ مار کر کے فرار ہو رہے تھے اور پولیس اہلکار ان کے تعاقب میں لگے ہوگئے تھے اسی دوران ملزمان موٹرسائیکل سے گرے تاہم انہوں نے اٹھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
ملزمان کی فاٸرنگ کی زد میں آکر راہگیر کاشف سینے میں گولی لگنے سے زخمی ہوا تھا ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی ۔