( 24 نیوز )بھارت کے متعدد ڈرونز کو پاکستان نے فضا میں ہی تباہ کر دیا، بھارتی ڈرونز کو سیالکوٹ، سکھر ایئرپورٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں رفیقی ایئربیس، رحیم یار خان، شیخوپورہ سمیت دیگر علاقوں میں نشانہ بنایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کے متعدد ڈرونز کو پاکستان نے فضا میں ہی تباہ کر دیا، سیالکوٹ کی حدود میں داخل ہونے والے متعدد بھارتی ڈرونز کو پاک فوج نے مار گرایا، بھارتی ڈرونز کو نواحی پڑتانوالی میں گرایا گیا، ملبے کو تحویل میں لے لیا گیا۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھارت کی جانب سے رفیقی ایئر بیس کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنادی گئی، سیکورٹی فورسز نے پیرمحل میں 3 بھارتی ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا، بھارتی ڈرونز کوگاؤں پیر گڑیانہ کے قریب گرایا گیا، تباہ شدہ ڈرونز کا ملبہ اکٹھا کرلیا گیا۔
ڈرونز گرنے سے کھیتوں میں آگ بھڑک اٹھی، فائرفائٹرز نے آگ بجھادی، ڈرون گرنے سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:تمام ڈومیسٹک ایونٹس ملتوی۔۔۔
شیخوپورہ میں نارنگ منڈی کے علاقے جے سنگھ والا میں پاک فوج نے بھارتی ڈرون کو مارگرایا، بھارتی ڈرون کو آبادی سے باہر کھیتوں میں گرایا گیا، جس سے آگ بھڑک اٹھی، ریسکیو اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔
رحیم یارخان میں پاک فوج نے 3 سے زائد بھارتی ڈرونز کو مار گرایا، ایک ڈرون کا ملبہ شیخ زید انٹرنیشل ایئرپورٹ پر گرا، دفاعی اداروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے لیا۔
یاد رہے کہ سیکیورٹی ذرائع نے آج صبح سے اب تک 80 بھارتی ڈرونز تباہ کرنے کی اطلاع دی تھی۔