(ویب ڈیسک) مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعہ جانوروں کی زبان کا انسانی زبان میں ترجمہ کرنے کی کوششوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
انسانوں اور جانوروں کے درمیان دوستی کے کئی قصے زبان زد عام ہیں،کئی واقعات میں پالتو جانوروں کے مالک اپنے جانور کے احساسات کو سمجھتے اور ان سے اشاروں کی زبان میں باتیں کرتے ہیں مگر اب یہ باتیں ہوئیں پرانی کیونکہ اے آئی کے ذریعے اب جانوروں کی زبان کا انسانی زبان میں ترجمہ کی کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک معروف چینی ٹیکنالوجی کمپنی بائی ڈو ایک ایسی آرٹیفیشل انٹیلیجنس ایپ تیار کرنے کی کوشش کر رہی ہے جو جانوروں کی آوازوں کا انسانوں کی زبان میں ترجمہ کر سکے۔
رپورٹ کے مطابق بائی ڈو نے اس حوالے سے گزشتہ سال دسمبر میں ایک پیٹنٹ دائر کیا تھا، جسے چائنا نیشنل انٹلیکچوئل پراپرٹی ایڈمنسٹریشن نے گزشتہ ہفتے شائع کیا ہے۔
چینی کمپنی کے مطابق یہ اے آئی سسٹم بنانے کے لیے جانوروں کی آواز، تاثرات، رویے میں پیدا ہونے والی تبدیلیوں اور دیگر حیاتیاتی علامات کو ڈیٹا میں شامل کیا جائے گا۔
اے آئی سسٹم ڈیٹا کا تجزیہ کر کے جانوروں کے جذبات و احساسات کا تعین کرے گا اور پھر اس کا انسانی زبان میں ترجمہ کرے گا اس طرح انسان کو پالتوں جانوروں کو سمجھنے اور ان کا خیال رکھنے میں آسانی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں؛ مختلف ایئرپورٹس سےپروازوں کی منسوخی کم ہوکر50رہ گئی