چین نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کی حمایت کرتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیا ہے۔
چین کے وزارت خارجہ کے مطابق 10 مئی کی رات، چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے رابطہ کیا۔
اس کے علاوہ چین کے وزیر خارجہ نے بھارت کے قومی سلامتی مشیر اجیت دوول سے بھی ٹیلی فون کالز کیں جس کا مقصدہ کشیدگی میں کمی اور مکمل اور پائیدار جنگ بندی کو یقینی بنانا ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین امید کرتا ہے کہ بھارت اور پاکستان جنگ بندی کے موجودہ رجحان کو مضبوطی سے برقرار رکھیں گے اور مزید تصادم سے گریز کریں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک اپنے اختلافات کو مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے سلجھائیں گے تاکہ سیاسی حل کے راستے پر واپس آسکیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ چین بھارت اور پاکستان کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گا اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔