(ویب ڈیسک)ملک میں جاری ہنگامی صورتحال کے پیش نظرلاہورجنرل ہسپتال میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان کے تحت تمام شعبوں کو ہائی الرٹ کر دیاگیا۔
پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج /پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر کی زیر صدارت اکیڈمک کونسل کا ایمرجنسی اجلاس منعقد ہوا جس میں ادارے کے تمام فیکلٹی ممبران، ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین،ایم ایس پنز ڈاکٹر عمر اسحاق سمیت انتظامی ڈاکٹرز بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی نا گہانی صورتحال اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کیلئے ہسپتال کے تمام شعبوں کو ہائی الرٹ رکھا جائے،پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے پروفیسر ارمغان اسرار مرزا کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا ڈائریکٹر مقرر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ تمام شعبوں سے کوآرڈینیشن یقینی بنائیں تاکہ مشکل وقت میں ہمت اور جواں مردی کے ساتھ حالات کا مقابلہ کیا جائے۔
پروفیسرالفرید ظفر نے ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو مزید ہدایت کی کہ وہ امیر الدین میڈیکل کالج کی بلڈ ڈونیشن سوسائٹی سے مکمل رابطے میں رہیں تاکہ بوقت ضرورت زخمیوں کو بروقت خون کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے،اجلاس میں پروفیسرز نے اپنے اپنے شعبوں میں کیے گئے تمام انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
پروفیسرالفرید ظفرنے اس موقع پر جان بچانے والی ادویات اور مختلف خون کے گروپس کا سٹاک سمیت ہیلتھ پروفیشنلز کو راؤنڈ دی کلاک الرٹ رہنے اور موبائل فون آن رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ان ایام میں کوئی بھی ملازم مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر اپنا سٹیشن نہ چھوڑے،ایمرجنسی کے علاوہ دیگر وارڈز میں اضافی بستروں کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے،تمام ایمبولینسز کو”سٹینڈ بائی ” رکھا جائے اور جنریٹر کو اپ ڈیٹ رکھنے کے علاوہ سکیورٹی پرمامور اہلکار بھی چاق و چوبند رہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاک فوج نے 10 شہروں میں بھارتی ڈرون مار گرائے، ڈی جی آئی ایس پی آر
پرنسپل الفرید ظفرنے انتظامی ڈاکٹرز، نرسنگ انتظامیہ،تمام شعبوں کے سٹور کیپرز اور انچارج بلڈ بینک کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے شعبوں میں نگرانی کو مزید سخت کریں۔
پروفیسر الفرید ظفر نے اکیڈمک کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے،اس وقت پوری قوم متحد ہوکر دشمن کے ہر وار کو ناکام بنانے کے لئے سیسہ پلائی دیوار بن کر اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے جو لائق تحسین ہے۔ پی جی ایم آئی، اے ایم سی اور ایل جی ایچ کے تمام ہیلتھ پروفیشنلز اور میڈیکل سٹوڈنٹس اپنی پیشہ وارانہ خدمات سرانجام دینے میں پیچھے نہیں ہٹیں گے اور ضرورت پڑنے پر فرنٹ فٹ پر رہتے ہوئے 24گھنٹے مریضوں و زخمیوں کو ہر ممکن علاج معالجے کی سہولیات بہم پہنچائی جائیں گی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر یحییٰ سلطان، اے ایم ایس ڈاکٹر جعفر حسین شاہ، ڈاکٹر عبدالعزیز، ڈی سی این ایس فضیلت لعل، ڈاکٹر انعم بتول، ڈاکٹر جاوید اور دیگر ڈاکٹرزبھی موجود تھے۔