فلائٹ شیڈول میں بہتری آنے لگے، 13 غیرملکی ایئر لائنز نے پاکستان کےلیے پروازیں بحال کردیں جن میں ترکیے کی ایئرلائن سمیت کئی خلیجی ممالک کی کئی ایئرلائنز شامل ہیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق مختلف ایئرپورٹس سے پروازوں کی منسوخی 50 سے بھی کم رہ گئی تھی، فلائٹ شیڈول میں بہتری کے بعد 13 غیر ملکی ایئر لائنز نے پروازیں بحال کردیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سے حج پروازوں کو معمول پر لانے کےلیے کوششیں جاری ہیں۔
آپریشنل وجوہات پر سیالکوٹ سے شارجہ، دمام اور کویت کی 3 پروازوں کو لاہور منتقل کر دیا گیا۔
سعودی عرب کی ایئرلائن نے بھی پاکستان کےلیے فضائی آپریشن بحال کردیا۔
سعودی ایئر لائن کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا کہ سعودی عرب کی ایئر لائن کی جدہ سے کراچی کےلیے پرواز روانہ ہوگئی ہے۔