(24نیوز)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے رینٹل پاور ریفرنس کیس سے راجہ پرویز اشرف اور دیگر کو بری کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے تحریری فیصلہ جاری کیا،فیصلے کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات پر نیب نے رینٹل پاور پلانٹس کے خلاف انکوائری شروع کی،ابتدائی تحقیقات کے بعد 31 ملزمان کے خلاف ریفرنس فائل کیا گیاتھا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کار کے کمپنی کو غیر قانونی کنٹریکٹ دینے پر 12 ملزمان کے خلاف سپلیمنٹری ریفرنس فائل ہوا، سپریم کورٹ نے 5 ستمبر 2023ء کے فیصلے میں نیب ترامیم کو جزوی طور پر کالعدم قرار دے دیا، جس کے بعد ریفرنس واپس نیب عدالت میں آگیا، ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ نیب نے 31 میں سے 11 ملزمان کی حد تک کیس واپس لے لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت کی ایل او سی پر اشتعال انگیزی، پاک فوج کا بھرپور جواب، دشمن کے مورچے تباہ
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ باقی ملزمان کا کیس اصل ریفرنس کے 11 ملزمان کے برابر ہے جنہیں بری کیا جاچکا ہے، ریفرنس میں باقی بچ جانے والے ملزمان پر اصل ملزمان کی حوصلہ افزائی کا الزام ہے، اصل ملزمان پر نیب کیس واپس لے چکی ہے،لہٰذا باقی ملزمان بھی بری ہونے کے حق دار ہیں۔