پاکستان کی نامور اداکارہ اور مشہور میزبان نادیہ خان نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی میڈیا کی رپورٹنگ پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا نے مودی کو ایشوریا رائے بنادیا۔
نجی ٹی وی کے ایک شو میں گفتگو کرتے ہوئے نادیہ خان نے بھارتی چینلز کی رپورٹنگ کو محض تماشا قرار دیا اور کہا کہ بھارتی میڈیا صحافت کے بجائے مزاحیہ فلم کی شکل اختیار کر چکا ہے۔
نادیہ خان نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی کوریج دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے اسکرپٹ پہلے سے لکھا گیا ہو، ویڈیوز، گرافکس اور رپورٹرز کی باڈی لینگویج سب کچھ اتنا مرتب اور تیار شدہ تھا کہ یوں محسوس ہوا جیسے یہ سب 2 ماہ پہلے ریکارڈ کیا گیا ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ بھارتی چینلز نیوز نہیں دے رہے بلکہ کوئی کارٹون شو نشر کر رہے ہوں، جس طرح وہ چیختے چلاتے ہیں، بندہ ہنس ہنس کے لوٹ پوٹ ہو جاتا ہے۔
نادیہ خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی میڈیا میں خوبصورتی میں لپٹی شخصیت کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ مودی کو کچھ اس انداز سے پیش کیا گیا جیسے وہ ایشوریہ رائے ہوں، ایسا لگا جیسے کئی مہینوں سے اُن کے چہرے پر فیشل ہو رہے ہوں، اُن کی تیاری، لائٹنگ اور زاویے سب فلمی تھے۔
نادیہ خان کے اس طنزیہ تبصرے نے سوشل میڈیا پر خوب دھوم مچائی، جہاں صارفین نے بھارتی میڈیا کی سنجیدگی پر سوال اٹھاتے ہوئے نادیہ کے تجزیے کو سراہا۔