رواں مالی سال میں اپریل تک پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کی مد میں خرچ ہونے والی رقم کی تفصیل سامنے آ گئی۔
وزارتِ منصوبہ بندی نے رواں مالی سال کے 10 ماہ میں پی ایس ڈی پی پر ہونے والے اخراجات کی تفصیل جاری کی ہے۔
اعلامیے کے مطابق رواں مالی سال اپریل تک پی ایس ڈی پی کی مد میں 448 ارب 64 کروڑ روپےخرچ ہوئےجبکہ اس دورانیے میں 894 ارب 85 کروڑ کے ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی وزارتوں اور ان کے ماتحت اداروں نے 339 ارب 20 کروڑ اور کارپوریشنز نے 109 ارب 30 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز خرچ کیے۔
وزارتِ منصوبہ بندی کے مطابق کارپوریشنز میں این ٹی ڈی سی اور این ایچ اے شامل کیے گئے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق رواں مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کا نظرِ ثانی شدہ حجم 1096 ارب روپے ہے۔