اسلام آباد:
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہمارا دشمن بہت مکار، شاطر اور شکست خوردہ ہے لہٰذا پوری قوم کو اب اور زیادہ چوکنا اور چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے بیان میں کہا کہ پاک فوج اور پوری قوم کو مبارک ہو، افواج پاکستان نے سر فخر سے بلند کر دیا ہے، قوم تمام اختلاف بھلا کر دشمن کے خلاف اپنی فوج کے ساتھ مل کر سیسہ پلائی دیوار ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے اقوامِ عالم میں اپنی جگہ مستحکم کر لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا اور قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، میری تمنا اور دعا ہے ہمارا یہ اتحاد ہمیشہ قائم و دائم رہے، پوری قوم کو اب اور زیادہ چوکنا اور چوکس رہنے کی ضرورت ہے، ہمارا دشمن مکار شاطر اور شکست خوردہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ تاریخی ناکامی اور بے عزتی پر بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور کسی بھی وقت پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے موقع ہاتھ سے نہیں جانے دے گا اس لیے پوری قوم کو مزید چوکنا اور چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جس طرح قوم اور افواج پاکستان نے بے پناہ جرات اور بہادری اور یک جہتی سے دشمن کو خاک چٹائی ہے، ہم آئندہ بھی اسی طرح پاکستان پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
وفاقی وزیر نے شعبہ صحت سے منسلک تمام افراد کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر کام کرنے والے صحت کے افسران جنہوں نے ایمرجنسی حالات میں بہترین تیاریاں اور اقدامات کیے۔