کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اور بنگلہ دیش کی پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لئے دونوں بورڈ کے درمیان بات چیت ہورہی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے مابین جنگ بندی کے بعد امکان ہے کہ مہمان ٹیم پروگرام کے مطابق21مئی کو پاکستان پہنچے گی۔ سیریز کے دو میچ فیصل آباد اور تین لاہور میں کھیلے جائیں گے،ہفتے کو بنگلہ دیش بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ بنگلہ دیش کی قومی ٹیم کے آئندہ دورہ پاکستان کے حوالے سے فعال بات چیت ہورہی ہے۔بی سی بی اس عزم کا اعادہ کرنا چاہتا ہے کہ اس کے کھلاڑیوں اور معاون عملے کی حفاظت بورڈ کی اولین ترجیح ہے۔ دورے سے متعلق تمام فیصلے پاکستان کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ وہ ٹیم اور بنگلہ دیش کرکٹ کے بہترین مفادات کے مطابق ہوں۔بین الاقوامی مصروفیات اور تیاری کے لیے اپنی مسلسل وابستگی کے حصے کے طور پر بنگلہ دیش کی قومی ٹیم شیڈول کے مطابق میزبان ملک کے خلاف دو میچوں کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے لیے متحدہ عرب امارات کا دورہ کرے گی۔ سیریز اگلے ہفتے شروع ہونے والی ہے۔سپر لیگ میںارشادحسین اور ناہید رانا نے شرکت کی۔دونوںپاکستان سے دبئی پہنچے جہاں سے انہوں نے ڈھاکا کے لئے فلائٹ لی۔