(عاجز جمالی ) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کارروائی کرتے ہوئے 29 کروڑ روپے کے فراڈ میں ملوث ملزم کو ملتان سے گرفتار کیا۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی کارروائی میں گرفتار بین الاقوامی فراڈ میں ملوث ملزم لیاقت علی چھجڑا کو ملتان سے گرفتار کر لیا ہے، ملزم ایک عالمی فراڈی نیٹ ورک کا اہم رکن ہے جو پاکستان سمیت کئی ممالک میں مالیاتی جرائم میں ملوث ہے،ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے بھائی امجد علی اور بھتیجا فیصل رضا بیرونِ ممالک سے فراڈ کی کارروائیاں چلا رہے ہیں،متاثرہ کمپنی لائیڈ انٹرنیشنل نے اس سلسلے میں قانونی کارروائی کا آغاز کیا اور کمپنی کے چیف ایگزیکٹو عبدالبر کی مدعیت میں مقدمہ درج کروایا گیا۔
لائیڈ انٹرنیشنل ایک معروف کاروباری ادارہ ہے جو پاکستان اور امریکہ میں بیک وقت سرگرم ہے،مذکورہ فراڈ ایک جعلی انٹرنیشنل فوڈ چین کے نام پر کیا گیا جس میں ایم ایس الیسر اور ایم ایس فیڈرلٹی فارفٹنگ جیسی جعلی کمپنیوں کے ذریعے ایک آن لائن فوڈ سپلائی معاہدہ کیا گیا،لائیڈ انٹرنیشنل نے اس ڈیل کے تحت تقریباً 29 کروڑ روپے (ایک ملین امریکی ڈالر) کی سرمایہ کاری کی جو کہ بعد ازاں فراڈ ثابت ہوئی۔
تحقیقات کے مطابق الیسر نامی جعلی کمپنی میں قطر کے ایک شیخ کا نام جعلی طور پر استعمال کیا گیا جبکہ دبئی، عمان، سعودی عرب اور دیگر ممالک میں بھی جعلی کمپنیاں رجسٹرڈ کروائی گئی تھیں،ملزمان پاکستان سے پیسے کی ترسیل ہنڈی کے ذریعے کرتے رہے ہیں، جبکہ لیاقت علی اس نیٹ ورک میں مالیاتی منتقلی کی ذمہ داریاں انجام دیتا رہا ہے،یہ کارروائی ڈائریکٹر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی شہزاد حیدر کی ہدایت پر انسپیکٹر احمد خان میرانی نے انجام دی۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ 2023 میں پیش آیا تھا اور اب اس کا مقدمہ باقاعدہ درج کیا گیا ہے،عبدالبر کا کہنا ہے کہ یہ گروہ اربوں روپے کے عالمی فراڈ میں ملوث ہے، اور 50 سے زائد مقدمات میں پہلے ہی مفرور ہے۔ ہماری کمپنی کے علاوہ بھی درجنوں کاروباری ادارے اس نیٹ ورک کا نشانہ بن چکے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان کے پاکستانی شراکت دار ہنڈی کے غیرقانونی کاروبار میں ملوث ہیں، اور اس گروہ کو بعض سیاسی شخصیات کی پشت پناہی حاصل ہے، جو قابل تشویش ہے،عبدالبر نے وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ انٹرپول کے ذریعے امجد علی اور اس کے بیٹے فیصل رضا کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے تاکہ بین الاقوامی سطح پر اس گروہ کی سرگرمیوں کو روکا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں؛ دہشت گردی کا الزام، برطانیہ میں 4 ایرانیوں سمیت 5 افراد گرفتار