پاکستان کی فضائیہ کے شاندار ردعمل اور بھارتی جارحیت کے دندان شکن جواب کے بعد پورا ملک ایک بار پھر اپنے جوانوں کے عزم اور بہادری پر فخر محسوس کر رہا ہے۔ اس موقع پر معروف اداکارہ مایا علی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پاک فوج کےلیے جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔
مایا علی نے نہ صرف پاک افواج کی بے مثال قربانیوں کو سراہا بلکہ امن کے لیے اپنی گہری خواہش کا اظہار بھی کیا۔
مایا علی نے اپنے پیغام میں پاک فوج کے جوانوں کی بے مثال ہمت کو سلام پیش کیا، جنہوں نے دشمن کے سامنے ڈٹ کر ملک کی حفاظت کی۔ انہوں نے قرآن پاک کی ایک آیت کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا: ’’10 مئی 2025، وہ دن جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ جنگ بندی دونوں طرف کے لیے امن لاتی ہے، اور میں ہمیشہ کہتی رہی ہوں کہ جنگ کبھی حل نہیں ہوتی۔‘‘
ان کے الفاظ نے نہ صرف فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا بلکہ ایک پرامن مستقبل کی خواہش بھی ظاہر کی۔
یاد رہے کہ 10 مئی 2025 کی صبح، پاکستان نے ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کے تحت بھارت کی فوجی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ ادھم پور، آدم پور اور پٹھان کوٹ کے اہم فضائی اڈوں سمیت متعدد اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے پاک فضائیہ نے ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کی۔ یہ کارروائی اتنی جامع تھی کہ بھارت کو جلد ہی اپنی شکست تسلیم کرنی پڑی، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کا اعلان ہوا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سلسلے میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی ثالثی میں دونوں طرف کے حکام فوری جنگ بندی پر راضی ہوگئے ہیں۔