آذان سمیع خان پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف گلوکار، اداکار اور میوزک پروڈیوسر ہیں جو اپنی والدہ زيبا بختيار کے ساتھ گہرے جذباتی رشتے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ زيبا بختيار نے اپنے طویل اور شاندار کیرئیر میں نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
ماں کے عالمی دن کے موقع پر آذان نے اپنی والدہ کو انتہائی پیار بھرا خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اپنے بچپن کی پیاری سی تصاویر اپنی اسٹار ماں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’’ماں، تم مجھ سے جتنی محبت سمجھتی ہو، میں تم سے اس سے کہیں زیادہ محبت کرتا ہوں۔‘‘
لیکن آذان کی محبت صرف اپنی ماں تک محدود نہیں تھی۔ انہوں نے اس موقع پر ان تمام ماؤں کو بھی یاد کیا جن کے بیٹے 3 روزہ جنگ کے دوران شہید ہوئے، خواہ وہ فوجی ہوں یا شہری۔ ان کا پیغام تھا: ’’آج میں ان بہادر ماؤں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے لاڈلوں کو وطن کی خاطر قربان کر دیا۔ آپ کی قربانیاں ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی۔‘‘
یاد رہے کہ آذان سمیع خان اپنے والدین کے علیحدگی کے بعد اپنی والدہ کے ساتھ رہے ہیں۔ وہ ایک حساس بیٹے کی حیثیت سے دونوں والدین کے لیے احترام اور محبت رکھتے ہیں۔ اگرچہ ان کے والد مشہور گلوکار عدنان سمیع خان سے تعلقات اچھے ہیں، لیکن آذان کی سب سے بڑی ہیرو ان کی مضبوط اور خوددار والدہ ہیں۔