پشاور:
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں مفت ایمبولینس سروس کا افتتاح کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق گورنر کے پی نے انجمن ہلال احمر خیبر پختونخوا کے صوبائی ہیڈکوارٹر ڈبگری گارڈن پشاور کا دورہ کیا اور پشاور کے شہریوں کے لیے انجمن ہلال احمر خیبر پختونخوا کی جانب سے مفت ایمرجنسی ایمبولینس سروسز کا باضابطہ افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں چیئرمین انجمن ہلال احمر خیبر پختونخوا ملک حبیب اورکزئی، وائس چیئرمین فرزند وزیر، پیپلزپارٹی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ابرار سعید، سابق اسپیکر صوبائی اسمبلی کرامت اللہ چغرمٹی، رضاء اللہ خان چمکنی، ہلال احمر سوسائٹی کے اراکین اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
گورنر خیبر پختونخوا نے موجودہ ملکی صورتحال میں فری ایمبولنس سروسز کے آغاز پرانجمن ہلال احمر کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا کو انجمن ہلال احمر کی مفت ایمبولینس سروس سے متعلق اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ انجمن ہلال احمر کی جانب سے شروع کیجانیوالی مفت ایمبولینس سروس سروس ابتدائی طور پر تین ایمبولینسوں پر مشتمل ہوگی،جس کیلئے قلعہ بالا حصار، خیبر ٹیچنگ اسپتال سمیت دیگر مقامات سے پشاور کے شہریوں کو یہ سروس فراہم کی جائے گی۔
اجلاس سے خطاب میں گورنر نے کہا کہ انجمن ہلال احمر مفت ایمبولینس سروس کا دائرہ کار جنوبی و شمالی اضلاع تک بڑھائے اور اس کیلئے ڈونرز سے رابطہ کر کے ایمبولینسز کی تعداد بھی بڑھائے جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ انجمن ہلال احمر کا طبی ایمرجنسی سہولیات میں ایک بہترین قابل قدر اقدام ہے اور اس حوالہ سے شہریوں کو موثر آگاہی بھی فراہم کی جائے۔اس سروس کو نہ صرف ہم نے کامیاب بنانا ہے بلکہ دوسرے صوبوں کیلئے بھی قابل تقلید بنانا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے اس موقع پر انجمن ہلال احمر کو صوبہ میں نرسنگ کالج کے قیام کیلئے بھی کام کرنے کی ہدایت کی اور اس حوالہ سے ڈونرز ممالک کیساتھ جامع تجاویز کیساتھ رابطہ کیا جائے۔