پاک بھارت جنگ بندی کے اعلان پر اقوامِ متحدہ، سعودی عرب، ایران، برطانیہ اور جرمنی نے خیر مقدم کیا ہے۔
پاک بھارت جنگ بندی کے اعلان پر اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ امید ہے پاک بھارت جنگ بندی پائیدار امن میں کردار ادا کرے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ جنگ بندی سے دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر اور دیرینہ مسائل کے حل کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو گا۔
سعودی نائب وزیرِ خارجہ عادل الجبیر نے نائب وزیرِ اعظم وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کر کے پاک بھارت جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کے فروغ میں سعودی عرب کے مثبت و تعمیری کردار کو سراہا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا ایران نے بھی خیر مقدم کیا ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک اس موقع کو کشیدگی میں کمی اور خطے کے پائیدار امن کےلیے استعمال کریں۔
برطانیہ نے بھی پاکستان اوربھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے، اس حوالے سے برطانوی وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ فریقین کشیدگی میں کمی برقرار رکھیں جو سب کے مفاد میں ہے۔
جرمنی کے دفترِ خارجہ نے پاک بھارت جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کا جنگ بندی پر رضامند ہونا کشیدگی سے نکلنے کی جانب پہلا اہم قدم ہے۔
جرمن دفترِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ کشیدگی کے خاتمے کی کنجی بات چیت ہی ہے۔