پاک فضائیہ کے افسر کا کہنا ہے کہ رافیل طیارے گرائے ہی نہیں بلکہ اس میں بھارتی پائلٹس کی گفتگو بھی انٹرسیپٹ کی۔
پاک فضائیہ کے افسر ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ہمراہ عالمی میڈيا کو بریفنگ دی۔
ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے بتایا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات بھارتی حملوں کے خلاف پاک فضائیہ دو منٹ کے اندر سرگرم ہوگئی، بھارت سے ایک گھنٹے سے زائد ٹکراؤ کی صورتحال رہی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ بھارتی حملوں میں کسی پاکستانی فوجی کی شہادت نہيں ہوئی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ بھارت نے ننکانہ صاحب میں سکھوں کی عبادت گاہ پر حملے کی کوشش کی، بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان ميں متعدد جگہوں پر حملے کیے، جن میں معصوم شہری اور بچے شہید ہوئے، بھارت نے دو سال کے بچے کو شہید کیا، اس پر بھارتی میڈیا نے بھی جشن منایا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارت آزاد کشمیر میں بھی شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، ایل او سی پر شہری علاقوں کو نشانہ بنا رہا ہے، جبکہ ہم ایل او سی پر بھارت کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، ہم نے بھارت کے بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا۔