سندھ کی سرکاری جامعات میں وائس چانسلر کی تقرری کے لیے قائم تلاش کمیٹی search committee نے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے سربراہ کے لیے تین ناموں کا انتخاب کرلیا ہے۔ وائس چانسلرز کیلئے تین شخصیات کا انتخاب دو روز تک جاری رہنے والے انٹرویوز کے بعد کیا گیا ہے جس میں 17 امیدوار شریک ہوئے تھے۔ ان امیدواروں کو دستاویزات کی اسکروٹنی کے بعد انٹرویوز کے لیے بلایا گیا تھا۔
ایکسپریس کو محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے ذرائع نے بتایا کہ جن تین امیدواروں کا نام بطور وائس چانسلر شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ ان میں ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کی پرووائس چانسلر پروفیسر نازلی حسین، سابق پرووائس چانسلر پروفیسر جہاں آرا اور پروفیسر خالد اشرفی شامل ہیں۔ جناح اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر شاہد رسول تین منتخب امیدواروں میں اپنی جگہ نہیں بنا سکے۔
واضح رہے کہ ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کے لیے مجموعی طور پر 23 امیدواروں نے درخواست دی تھی۔
ذرائع کے مطابق جن تین ناموں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے ان کے نام سیکیورٹی اداروں کو کلیئرنس کے لیے بھیجے جارہے ہیں اور کلیئرنس موصول ہونے کے بعد محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سمری جامعات کی کنٹرولنگ اتھارٹی وزیر اعلی سندھ کو ارسال کرے گا۔ وزیر اعلی تین میں سے کسی ایک نام کا بطور وائس چانسلر انتخاب کریں گے۔
واضح رہے کہ تلاش کمیٹی کے مستقل اراکین میں بربنائے عہدہ چیئرمین سندھ ایچ ای سی ، سیکریٹری، سیکریٹری کالج ایجوکیشن، سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز اور جبکہ کوآپٹڈ رکن کے طور پر سابق وائس چانسلر ڈاکٹر سعید قریشی اور ڈاکٹر کرتار دیوانی شامل تھے۔