اسرائیلی فوج کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ غزہ کے جنوبی علاقے میں برّی آپریشن کے دوران مختلف جھڑپوں میں 2 فوجی ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس کے ساتھ جھڑپ کا پہلا واقعہ رفح کے جنینہ محلے میں پیش آیا۔
جہاں حماس کے جنگجوؤں نے ایک عمارت پر میزائل حملہ کیا جس سے عمارت کا ایک حصہ گرگیا جس میں ایک فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
اس حملے کے محض دو گھنٹے بعد حماس کے جنگجوؤں نے ایک بکتر بند گاڑی کو دھماکا خیز مواد سے نشانہ بنایا۔
حماس کے اس حملے میں بکتر بند گاڑی میں موجود ایک فوجی ہلاک اور دیگر 4 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے دو افسران کی حالت نازک ہے۔
ترجمان اسرائیلی فوج نے ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت سارجنٹ 20 سالہ یشائی الیاکیم ارباخ اور اسٹاف سارجنٹ 21 سالہ یام فرید کے ناموں سے ظاہر کی ہے۔
ان ہلاکتوں کے بعد اسرائیلی فوج کی زمینی کارروائیوں اور سرحد پر ہونے والی جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی تعداد 418 ہوگئی۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس نے اسرائیل پر حملہ کیا جس میں 1500 کے قریب اسرائیلی مارے گئے تھے جب کہ 251 کو یرغمال بناکر غزہ لایا گیا تھا۔
حماس کی قید میں ان 251 یرغمالیوں میں سے کچھ کو جنگ بندی معاہدے کے ذریعے رہائی ملی تھی تاہم اب بھی 58 یرغمالی حماس کے پاس ہیں جن میں 35 کی ہلاکت کا خدشہ بھی ہے۔
اسرائیل نے 8 اکتوبر 2023 سے غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری کیا جو تاحال جاری ہے اور اس میں اب تک 52 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جب کہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہے۔