واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ کے ساتھ ایک ’’تاریخی‘‘ تجارتی معاہدے کا اعلان کیا ہے، جو ان کی جانب سے دنیا بھر میں عائد کردہ نئے ٹیرف کے بعد کسی ملک سے پہلا معاہدہ ہے۔
اس معاہدے کے تحت امریکی گوشت، اسٹیل، ایلومینیم اور زرعی مصنوعات کو برطانیہ کی منڈیوں تک وسیع تر رسائی حاصل ہو گی، جبکہ برطانوی کاروں پر کچھ امریکی ٹیرف کم کیے جائیں گے۔
ٹرمپ نے برطانوی وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر سے ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران اس معاہدے کا اعلان کیا۔ اسٹارمر نے بھی اسے “تاریخی دن” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ اتحادی افواج کی نازی جرمنی پر فتح کے 80 ویں دن کی مناسبت سے ایک یادگار موقع پر ہوا۔
معاہدے کی مکمل تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں، اور دونوں فریقین نے کہا ہے کہ مزید بات چیت جاری رہے گی۔ تاہم، امریکہ کی جانب سے برطانیہ پر 10 فیصد کا عمومی ٹیرف بدستور برقرار رہے گا۔
ٹرمپ نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ جلد ہی چین اور یورپی یونین کے ساتھ بھی مثبت پیش رفت ممکن ہو گی۔