جنگی جنون میں مبتلا مودی حکومت نے بھارت کی 7 ریاستوں میں شہری دفاع کی مشقیں کرنے کا اعلان کر دیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت نے شہری دفاع کی مشقوں کے انعقاد کے احکامات 5 مئی کو جاری کیے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس حوالے سے ڈائریکٹوریٹ جنرل فائر سروس، سول ڈیفنس اور ہوم گارڈز نے اپنے خط میں لکھا کہ موجودہ جغرافیائی سیاسی منظر نامے میں، نئے اور پیچیدہ خطرات ابھر کر سامنے آئے ہیں، لہٰذا یہ سمجھداری کی بات ہوگی کہ وفاق کے زیر انتظام ملک کے تمام علاقوں میں ہر وقت سول ڈیفنس کی بہترین تیاری برقرار رکھی جائے۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سے اُٹھایا گیا یہ اقدام زیادہ اہمیت کا حامل اس لیے ہے کیونکہ 1999ء میں ہونے والی کارگِل جنگ کے دوران بھی اس طرح کی مشقیں نہیں کی گئی تھیں۔
شہری دفاع کی مشقوں میں کیا ہوگا؟
شہری دفاع کی مشقوں میں ہوائی حملے کے وارننگ سسٹم کی صلاحیت اور کنٹرول رومز کی فعالیت کا اندازہ لگایا جائے گا۔
بھارتی فضائیہ کے ہاٹ لائن اور ریڈیو کے ساتھ روابط کو فعال کیا جائے گا۔
شہریوں بالخصوص طلباء کو شہری دفاع کے پہلوؤں پر تربیت دی جائے گی تاکہ جنگ کی صورت میں خود کو محفوظ رکھا جا سکے۔
بلیک آؤٹ کر کے رات کے وقت فضائی نگرانی یا حملوں کے دوران اہداف بننے سے بچنے کی تربیت بھی دی جائے گی۔
سول ڈیفنس کی خدمات، بشمول وارڈن سروسز، فائر فائٹنگ، ریسکیو آپریشنز، اور ڈپو مینجمنٹ کی ایکٹیویشن کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔