33 C
Lahore
Tuesday, May 6, 2025
ہومکھیلوں کی خبریںسپر لیگ، زلمی کی بڑی فتح، پلے آف کی امید روشن، ملتان...

سپر لیگ، زلمی کی بڑی فتح، پلے آف کی امید روشن، ملتان سلطانز پھر ناکام


کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ ٹین میں ملتان سلطانز کیلئے کچھ تبدیل نہ ہوسکا، بدترین کارکردگی اور ناکامیوں کی داستان طویل ہوگئی ہے۔ پلے آف ریس سے باہر ہوکر حوصلہ ہارنے والی ٹیم نویں میچ میں آٹھویں شکست کھاگئے ۔ البتہ آسان جیت کے ساتھ پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کی مشکلات بڑھادی ہیں ،وہ ٹورنامنٹ میں ٹیک آف کی پوزیشن میں آگئی ہے۔ پشاور زلمی نے میچ بغیر کسی مزاحمت کے سات اوورز قبل ہی سات وکٹ سے جیت لیا ۔ پیر کو ملتان اسٹیڈیم میں پشاور نے آٹھویں میچ میں چوتھی کامیابی حاصل کرکے پلے آف کیلئے اپنے امکانات کو روشن کر لیا ۔ پشاور زلمی نے 8 میچوں میں چوتھا میچ جیتا ہے اور اب اس کے 8 پوائنٹس ہوگئے ہیں اس طرح اس نے پلے آف تک رسائی کی امیدوں کو زندہ رکھا ہے۔ ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن وہ19.1 اوورز میں صرف 108 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پشاور زلمی نے ہدف 3 وکٹ پر حاصل کرلیا۔ ملتان سلطانز کی اننگز میں وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں جس کی وجہ سے وہ ایک بڑے اسکور تک پہنچنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ کپتان محمد رضوان 17 ، یاسر خان 10 ، طیب طاہر22، ایشٹن ٹرنر صفر، عامر برکی 3 اور شاہد عزیز ایک رن پر آؤٹ ہوئے تو ملتان سلطانز کا اسکور 13 ویں اوور میں6 وکٹوں پر صرف 66 رنز تھا ۔ شائی ہوپ23 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے ۔ پشاور زلمی کے تمام چھ بولرز وکٹ لینے میں کامیاب رہے جن میں احمد دانیال 17 رنز کے عوض3 وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے ان کے تین کیچز اس کے علاوہ تھے۔ معاذ صداقت اور لیوک ووڈ نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔ پشاور زلمی نے ڈیوڈ ولی کے اننگز کے پہلے ہی اوور میں مچل اوون کی ایک رن پر وکٹ گنوائی ۔ اگلے ہی اوور میں محمد حسنین کو بھی وکٹ مل جاتی لیکن شائی ہوپ نے صائم ایوب کا 7 رنز پر کیچ ڈراپ کردیا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ 49 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوگئے جس میں4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ ان کی وکٹ نوجوان فاسٹ بولر شاہد عزیز نے حاصل کی جو اس سے پہلے بابراعظم کو صرف 8 رنز پر بولڈ کرچکے تھے۔ میکس برائنٹ کے ایک چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے بنائے گئے 38 رنزناٹ آؤٹ کی وجہ سے زلمی کیلئے ہدف تک پہنچنا آسان ہوگیا۔ میچ میں ملتان سلطانز سات تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری۔ عثمان خان، کامران غلام ، کرٹس کیمفر، افتخار احمد ، مائیکل بریسویل ، کرس جارڈن اور اسامہ میر کی جگہ شائی ہوپ ، طیب طاہر، عامر برکی، ایشٹن ٹرنر، شاہدعزیز، فیصل اکرم اور محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ ملتان سلطانز اپنا 10 واں اور آخری میچ 11 مئی کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ملتان میں کھیلے گی۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات