پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر تاج حیدر کے انتقال کے بعد سندھ میں سینیٹ کی خالی ہونے والی جنرل نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
سندھ اسمبلی کے ارکان نے ووٹ کاسٹ کرنا شروع کر دیے، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی اسمبلی میں موجود ہیں۔
الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان کے مطابق سندھ اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن بنایا گیا، پیپلز پارٹی کے وقار مہدی اور ایم کیو ایم کی نگہت مرزا امیدوار ہیں۔
سندھ اسمبلی میں صبح 9 بجے سے شروع ہونے والا پولنگ کا سلسلہ شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔
سیکریٹری سندھ اسمبلی کے مطابق سینیٹ الیکشن میں 161 ارکان حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔
ایوان میں پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد 116، ایم کیو ایم کی 36 اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ ارکان کی تعداد 5 ہے۔
واضح رہے کہ سینیٹ کی نشست پر کامیابی کےلیے 81 ووٹ درکار ہیں۔