بالی ووڈ کے معروف اداکار نواز الدین صدیقی نے سلمان خان کی فلم ’سکندر‘ کی ناکامی کی وجہ بتادی۔
نواز الدین صدیقی نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں فلم ’سکندر‘ کی ناکامی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بات نہیں اگر سلمان خان کی کوئی ایک فلم فلاپ ہوگئی، ان کی اتنی ساری بلاک بسٹر فلمیں ہیں اور اسی لیے تو وہ سُپر اسٹار ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ سلمان بھائی نے بہت سی ایسی فلمیں بھی کی ہیں جن میں کوئی غیر معمولی جوہر نہیں تھا لیکن وہ فلمیں صرف اس وجہ سے کامیاب ہوئیں کیونکہ سلمان خان ان کی کاسٹ کا حصّہ تھے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ میں نے فلم ’سکندر‘ نہیں دیکھی تو اس لیے مجھے نہیں معلوم کہ فلم کس بارے میں ہے لیکن ایک سپر اسٹار کی خوبی یہ ہے کہ وہ ایک عام سی فلم کو بھی سُپر ہٹ بنا دیتا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ جب سلمان بھائی فلم کرنے کےلیے راضی ہو جائیں تو پھر ہدایتکاروں کو بھی پوری ذمہ داری سے کام کرنا چاہیے صرف سلمان بھائی پر ہی انگلی نہیں اٹھنی چاہیے۔
نوازالدین صدیقی نے کہا کہ سلمان بھائی جس فلم کا حصّہ بنتے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ اُنہوں نے پروڈکشن ٹیم کو پلیٹ میں رکھ کر سب کچھ دے رہے ہیں کیونکہ اب اس فلم کو سنیما میں ان کے مداح دیکھنے ضرور آئیں گے لیکن اگر ہدایت کار اور پروڈکشن ٹیم فلم کی اسکرپٹ پر کام نہیں کرے گی تو پھر اس فلم کی ناکامی کی ساری ذمہ داری سلمان بھائی پر نہیں ڈالی جا سکتی۔