کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ میں حسن نواز نے نا ممکن کو ممکن کردکھایا اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈکے خلاف دو وکٹ کی ڈرامائی کامیابی دلوادی ۔پانچ لگاتار میچ جیتنے کے بعد اسلام آباد کولاہور میں مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔محمد شہزاد کے آخری اوور میں حسن نواز کے تین کیچ ڈراپ ہوئے اور اسلام آباد نے فتح کو شکست میں بدل دیااور آخری اوور کی پانچویں گیند پرچھکا مارکر کوئٹہ کو شاندار فتح دلوادی۔حسن نواز نے41گیندوں پر64ناقابل شکست رنز بناکر اپنی ٹیم کی ہار کو جیت میں تبدیل کردیا۔حسن نواز نےیادگار اننگز کے دوران چار چھکے اوردو چوکے مارےآٹھویں میچ میں تیسری ہار کے بعد اسلام آباد پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن برقرار نہ رکھ سکی۔کوئٹہ نے پوائنٹس ٹیبل پر گیارہ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کر لی ۔ آخری دو اوورز میں21رنز کی ضرورت تھی۔محمد وسیم 16رنز کی اچھی اننگز کھیل کر آوٹ ہوئے۔ہفتے کی شب قذافی اسٹیڈیم میں کوئٹہ نے ہدف ایک گیند پہلے 8وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔قبل ازیںکوئٹہ کی اننگز میںکپتان سعود شکیل غیر ضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں سات رنز بناکرسلمان ارشاد کی گیند پر شہزاد کے غیر معمولی کیچ کی صورت میں آوٹ ہوئے۔فن ایلن 20رنز بنائے۔104رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئے۔جیسن ہولڈر نے سلمان آغا کی گیند پر فہیم اشرف کا ناقابل یقین کیچ لیا۔اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا دفاعی چیمپئن نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے۔ان فٹ شاداب خان کی جگہ سلمان علی آغا نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی کپتانی کی وہ صفر پر آئوٹ ہوگئے، ایک موقع پر91رنز پر چھ وکٹ گنوانے کے بعد محمد نواز نے34گیندوں پر49 رنز کی اننگز کھیلی۔