اسلام آباد (اے پی پی) بھارتی فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے فالس فلیگ پہلگام حملے کے بعد بے گناہ اور غیر قانونی طور پر نظر بند پاکستانیوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کرنے کا گھناؤنا منصوبہ بنایا ہے۔سکیورٹی ذرائع کی رپورٹ کے مطابق بھارتی انٹیلی جنس اور فوج نے غیر قانونی طور پر اور زبردستی مقبوضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں حراست میں رکھے گئے درجنوں پاکستانیوں کو ہلاک کرنے کا ایک گھناؤنا منصوبہ بنایا ہے ۔سکیورٹی ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ مختلف جیلوں اور انٹیلی جنس مراکز میں قید کئے گئے ان افراد کو قتل کرنے کے بعد بھارت اس کو سرحد پار دہشت گرد ی سے جوڑنے کی کوشش کرے گا۔اس منظم منصوبے کے ایک حصے کے طور پر بھارتی میڈیا کو مبینہ طور پر انکاؤنٹر کے فوراً بعد متاثرین کی لاشوں کی ویڈیوز اور تصاویر کے ساتھ پلانٹ کیے گئے ہتھیاروں اور من گھڑت شواہد فراہم کیے جائیں گے۔ذرائع نے کہا کہ بھارتی میڈیا اپنے مخصوص بیانیہ پر عمل کرتے ہوئے ان افراد کو مبینہ طور پر پاکستان سے دراندازی کرنے والے دہشت گردوں کے طور پر پیش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس بدنیتی پر مبنی منصوبے کا مقصد پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی ناکامی کے بعد پاکستان کے خلاف جارحیت کا ایک اور بہانہ گھڑنا ہے۔ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ غیر قانونی طور پر حراست میں لیے گئے افراد میں سے بعض افراد کو جھوٹ کی بنیاد پر دہشت گرد کے طور پر بھی پیش کیا جا سکتا ہے اور انہیں میڈیا کے سامنے پاکستان مخالف بیانات اور جھوٹے اعترافات پر مجبور کیا جا سکتا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل نے پہلے ہی 29اور 30 اپریل کو پریس کانفرنسوں میں انکشاف کیا تھا کہ 723پاکستانی شہری بھارت کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر قید ہیں۔ذرائع نے مزید کہا کہ تقریباً 56مزید پاکستانیوں کو بھی بھارتی خفیہ ایجنسیاں زبردستی اور غیر قانونی طور پر حراست میں لے رہی ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر بھی 29اور 30اپریل کو اپنی پریس کانفرنس کے دوران ان 56 افراد کی تفصیلات بتا چکے ہیں۔ ذرائع نے خبردار کیا کہ ان گرفتار افراد کو کسی بھی وقت پاکستان کے خلاف بدزبانی اور دشمنانہ کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 24 اپریل کو آزاد جموں و کشمیر کے دو شہری محمد فاروق اور محمد دین جو غلطی سے سرحد پار کر گئے تھے، ان کو بھارتی فوج نے ایک جعلی مقابلے میں بے دردی سے مار دیا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی ناکامی کے بعد بھارت مکمل مایوسی کی حالت میں ہے۔