31 C
Lahore
Sunday, May 4, 2025
ہومغزہ لہو لہوامیتابھ بچن کی پُراسرار پوسٹوں کا راز کیا ہے؟ مداح الجھ کر...

امیتابھ بچن کی پُراسرار پوسٹوں کا راز کیا ہے؟ مداح الجھ کر رہ گئے


بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن ہمیشہ اپنے منفرد انداز اور باقاعدہ سوشل میڈیا موجودگی کے لیے جانے جاتے ہیں، لیکن حالیہ دنوں میں ان کا ایک نیا طرزِ بیان سوشل میڈیا صارفین کو حیران کررہا ہے۔ نہ کوئی فلسفہ، نہ کوئی شاعری، اور نہ ہی کوئی ذاتی خیال… صرف ایک عدد اور ایک ڈیش۔

22 اپریل سے امیتابھ بچن کی ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ ہونے والی ٹوئٹس میں صرف اتنا لکھا جارہا ہے: T 5356 – ، T 5357 -، اور یہ سلسلہ روز جاری ہے۔ جہاں پہلے وہ اپنی ہر ٹوئٹ میں کسی نہ کسی تجربے، واقعے یا جذباتی لمحے کو سمیٹتے تھے، اب ان کی تحریریں محض نمبروں تک محدود ہو گئی ہیں۔

یہ خاموشی محض خاموشی نہیں، بلکہ ایک معمہ بن چکی ہے۔ مداحوں کے ذہنوں میں طرح طرح کے سوالات جنم لے رہے ہیں۔ کچھ اسے پہلگام واقعے پر ان کا خاموش احتجاج قرار دے رہے ہیں، تو کچھ اسے کسی فلم کی پروموشن کےلیے چالاکی سے چھیڑا گیا سسپنس قرار دے رہے ہیں۔

ایک مداح نے شکوہ کرتے ہوئے لکھا، ’’سر! کیا اب کہنے کو کچھ بچا ہی نہیں؟‘‘ جبکہ دوسرے نے سوال کیا، ’’کیا یہ کسی نئی فلم کا پروموشن ہے؟‘‘

کچھ صارفین تو یہاں تک چلے گئے کہ امیتابھ بچن کے ارادوں کو سمجھنے کے لیے ’ایکس‘ کے AI چیٹ بوٹ ’گروک‘ سے مدد لینے لگے۔ مداحوں کی اس بے چینی کے پیچھے شاید اس بات کا بھی ہاتھ ہے کہ حال ہی میں امیتابھ نے شکوہ کیا تھا کہ اُن کی ساری کوششوں کے باوجود فالوورز کی تعداد 49 ملین سے نہیں بڑھ پا رہی۔

ان کے اس شکوے پر مداحوں نے دلچسپ مشوروں سے ان کا حوصلہ بڑھایا۔ کسی نے مشورہ دیا کہ وہ انسٹاگرام ریلس بنائیں، تو کسی نے مذاق میں تجویز دی کہ ریکھا کے ساتھ سیلفی پوسٹ کردیں، تو فالوورز کی تعداد خودبخود بڑھ جائے گی۔

پیشہ ورانہ محاذ پر بات کی جائے تو امیتابھ بچن ایک بار پھر ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے 17ویں سیزن میں میزبان کے طور پر واپس آ رہے ہیں۔ 2000 سے جاری اس شو میں ان کی موجودگی ہمیشہ ناظرین کو سحر میں جکڑ لیتی ہے، سوائے تیسرے سیزن کے جب میزبان کی کرسی پر شاہ رخ خان بیٹھے تھے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا امیتابھ بچن کی یہ خالی ٹوئٹس کسی بڑے اعلان کا پیش خیمہ ہیں یا واقعی کسی خاموش احتجاج کا حصہ؟ فی الحال، سوشل میڈیا پر بس ایک سوال گونج رہا ہے: ’’T کے بعد آخر ہے کیا؟‘‘



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات