وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام واقعے سے متعلق بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کر دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی نے ملاقات کی، وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کےلیے غیر متزلزل حمایت پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے پہلگام واقعے کے بعد جنوبی ایشیا میں امن و امان کی صورتحال پر پاکستان کے نکتہ نظر سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، پاکستان خود دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے مغربی محاذ سے پیدا ہونے والی دہشت گردی کی عفریت سے نمٹ رہا ہے، بھارتی اقدامات اور جارحانہ انداز سے پاکستان کی توجہ دہشتگردی کے خلاف کوششوں سے ہٹانا ہے، پاکستان کا پہلگام واقعے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، پہلگام واقعے کی قابل اعتماد، شفاف اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کی ضرورت ہے، پاکستان موجودہ بحران پر اپنا مؤقف پیش کرنے کےلیے دوسرے دوست ممالک سے رابطہ کر رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یو اے ای سمیت برادر ممالک خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے بھارت کو مائل کریں، وزیراعظم نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
سفیر یو اے ای نے کہا کہ متحدہ عرب امارات علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔