جیکی شروف ممبئی کی کچی آبادیوں میں مقیم 100 خاندانوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں اور اپنی کمائی کا تقریباً آدھا حصہ غریب ان پر خرچ کرتے ہیں۔
بالی ووڈ کے سینئر اداکار جیکی شروف کو دنیا ان کی اداکاری، انداز اور فلمی کرداروں سے پہچانتی ہے، مگر بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ وہ اصل زندگی میں ان بچوں کےلیے مسیحا ہیں جو ممبئی کی جھونپڑیوں میں دن رات گزار رہے ہیں، آج وہ تقریباً 100 غریب خاندانوں کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔
جیکی شروف کو پیار سے “جگو دادا” بھی کہا جاتا ہے، انہوں نے اپنی زندگی کے 33 سال ممبئی میں اسی طرح کے علاقے میں گزارے۔ وہ بچپن میں غربت کی وجہ سے گیارہویں جماعت کے بعد اسکول چھوڑنے پر مجبور ہوگئے تھے، انہوں نے مونگ پھلی بیچنے، فلائٹ اٹینڈنٹ بننے اور ٹریول ایجنٹ جیسے کئی چھوٹے موٹے کام کیے۔
جیکی شروف آج بھی کئی غریب علاقوں میں رہنے والے بچوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں، وہ ایک اسپتال میں غریبوں کے علاج کےلیے خاص اکاؤنٹ بھی چلا رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کچی آبادیوں میں رہنے والے بچوں کے پاس جیکی شروف کا ذاتی فون نمبر ہے اور وہ بچوں کو کہتے ہیں کہ اگر رات کو بھوک لگے تو فون کرو، میں کھانا پہنچا دوں گا، جیکی اپنی کمائی کا تقریباً آدھا حصہ غریب خاندانوں پر خرچ کرتے ہیں۔