25 C
Lahore
Saturday, May 3, 2025
ہومغزہ لہو لہوبھارت سے بغیر علاج واپس آئے دو بچوں کا علاج اب این...

بھارت سے بغیر علاج واپس آئے دو بچوں کا علاج اب این آئی سی وی ڈی میں ہوگا



کراچی:

قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) نے انسان دوست اقدام کے تحت بھارت سے بغیر علاج کروائے واپس آنے والے دو بچوں کے مفت علاج کی ذمہ داری اٹھا لی،نو سالہ عبداللہ اور 7 سالہ منسا دونوں ہی پیدائشی دل کے مرض میں مبتلا ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حیدر آباد سے تعلق رکھنے والا یہ خاندان علاج کے لیے بھارت گیا تھا لیکن پاک بھارت کشیدگی کے سبب انہیں اچانک بغیر علاج کروائے ہی پاکستان واپس بھیج دیا گیا، واپسی کے بعد این آئی سی وی ڈی نے فوری طور پر ایک اعلیٰ سطح میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جس میں بچوں کے دل کے ماہر، بیہوشی کے ماہر اور سی ٹی اسکین کے ماہر شامل تھے۔

بورڈ نے بچوں کی مکمل جانچ کی اور اس نتیجے پر پہنچا کہ دونوں بچوں کی سرجری این آئی سی وی ڈی کراچی میں مکمل طور پر محفوظ طریقے سے ہو سکتی ہے اس کے بعد بیرونِ ملک علاج کی ضرورت باقی نہیں  رہے گی۔ اسپتال کی سینئر میڈیکل ٹیم نے بچوں کے والد کو سرجری کے مراحل، صحتیابی کے عمل اور ممکنہ نتائج سے تفصیل سے آگاہ کیا۔

بچوں کے والد نے اسپتال کی تیاریوں اور ماہرین کی ٹیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں علاج کی ناکامی کے بعد این آئی سی وی ڈی نے ان کے لیے امید کی نئی کرن جگائی ہے۔

فی الحال والد راولپنڈی میں آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (AFIC) میں دوسرے ماہرین سے مشورہ کر رہے ہیں، مشورے کے بعد بچوں کی سرجری این آئی سی وی ڈی میں طے کی جائے گی۔ دونوں بچوں کی یہ پیچیدہ دل کی سرجریاں مکمل طور پر مفت کی جائیں گی، جو کہ این آئی سی وی ڈی اور حکومت سندھ کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ ہر پاکستانی کو عالمی معیار کی دل کی طبی سہولیات مالی بوجھ کے بغیر فراہم کی جائیں۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات