مشہور بھارتی اداکارہ مونی رائے نے خود کو ‘بھوتنی’ اور ‘ناگن’ کہہ کر مذاق اڑانے پر ناقدین کو جواب دے دیا۔
مونی رائے اپنی جاندار فینٹسی کرداروں کی بدولت انڈین ٹی وی اور فلم انڈسٹری میں منفرد مقام رکھتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر اکثر “ناگن” اور “بھوتنی” جیسے القابات کا سامنا کرتی ہیں۔
تاہم اداکارہ نے ان طنزیہ تبصروں کا پُراعتماد اور پیشہ ورانہ جواب دے کر سب کو حیران کر دیا ہے۔
اپنی آنے والی فلم “بھوتنی” کی تشہیر کے دوران مونی رائے نے ایک انٹرویو میں کہا کہ جب آپ کسی تاریخی یا فینٹسی کردار کو نبھاتے ہیں، تو اگر آپ کو خود یقین نہ ہو، تو آپ ناظرین کو قائل نہیں کر سکتے، آپ کسی کو بےوقوف نہیں بنا سکتے لیکن اگر آپ اس کردار کی دنیا پر یقین کرتے ہیں، اس کی زندگی کو سچائی سے جیتے ہیں، تو لوگ آپ سے جڑ جاتے ہیں۔
مونی نے واضح کیا کہ وہ ان ناموں یا مذاق سے بالکل پریشان نہیں ہوتیں بلکہ خوش ہیں کہ لوگوں نے ان کے کام سے تعلق قائم کیا۔
واضح رہے کہ مونی رائے نے 2006ء میں ڈرامہ سیریل کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور پھر ناگن، دیوتا کے دیو مہادیو اور کئی سپر ہٹ پراجیکٹس کا حصہ بنیں۔
اب وہ اپنی نئی فلم بھوتنی میں بھوت کا کردار ادا کر رہی ہیں، جس میں ان کے ساتھ سنجے دت، سنی سنگھ، پلک تیواڑی، آصف خان شامل ہیں۔