آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے عالمی یوم رقص کی مناسبت سے رنگا رنگ پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، فائن آرٹ کمیٹی کے چیئرمین فرخ شہاب، وومن امپاورمنٹ کمیٹی کی چیئرپرسن چاند گل شاہ، اسٹیج شو/اسپیشل ایونٹ کمیٹی کے چیئرمین اقبال لطیف سمیت شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آرٹس کونسل کی ڈانس اکیڈمی کے علاوہ مختلف ڈانس گروپس نے ”عالمی یوم رقص“ کو بھرپور طریقے سے منایا جس میں کلاسیکل ہپ ہاپ سمیت مختلف ثقافتی اور فلمی گانوں پر رقص پیش کیا گیا۔
ملک کی عالمی شہرت یافتہ رقاصہ نگہت چوہدری نے کتھک کے ذریعے پروگرام میں رنگ جمایا جبکہ آرٹس کونسل ڈانس اکیڈمی کے ہیڈ مانی چاﺅ، عدنان بٹ اور عبدالغنی نے بہترین ڈانس پرفارمنس کا مظاہرہ کر کے حاضرین کے دل جیت لیے۔
اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ آج کے دور میں جتنا ڈپریشن ہے اس کو دور کرنے کے لیے رقص کریں یہ بہترین تھراپی ہے، انہوں نے نگہت چوہدری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نگہت ملک کی مایہ ناز رقاصہ ہیں آج انہوں نے بہترین رقص پیش کیا، میں نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ آرٹس کونسل کے سوشل میڈیا پیج کو فالو کریں تاکہ انہیں ثقافتی پروگرامز کی معلومات ملتی رہے۔ آرٹس کونسل کے دروازے باصلاحیت نوجوان فنکاروں کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں، آپ لوگ یہاں آئیں، سیکھیں اور پرفارم کریں۔
احمد شاہ نے مزید کہا کہ آرٹس کونسل تین روزہ المنائی فیسٹیول کرنے جا رہا ہے، جو 9 سے 11مئی تک جاری رہے گا، آپ لوگ اس میں ضرور شرکت کریں۔
آرٹس کونسل ڈانس اکیڈمی کے ہیڈ مانی چاؤ نے کہا کہ آج ہم یہاں مختلف زبانوں اور ثقافت کو پیش کر رہے ہیں، اتنی بڑی تعداد میں لوگ یہاں جمع ہیں میں سب کو خوش آمدید کہتا ہوں۔
انھوں نے کہا آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی ڈانس اکیڈمی کے فیکلٹی ممبرز اور پی این سی اے کے اسٹوڈنٹس بھی آج پرفارم کر رہے ہیں۔
معروف رقاصہ نگہت چوہدری نے کہا کہ آرٹس کونسل کا شکریہ جس نے ڈانس کے عالمی دن پر اتنے شاندار پروگرام کا انعقاد کیا۔
وومن امپاورمنٹ کمیٹی کی چیئرپرسن چاند گل نے آرٹس کونسل کی جانب سے نگہت چوہدری کو پھول بھی پیش کیے۔ عبد الغنی نے اپنے گروپ کے ہمراہ ”ہوجمالو“ اور ”مور ٹور ٹلے رانا“ پر منفرد انداز میں سندھی ثقافت پر رقص پیش کیا جس پر ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔
پروگرام میں مانی چاﺅ، عدنان بٹ گروپ، جیری، کبیر، روحیل، عارفین، نگہت چوہدری، ساجن، ٹی بی سی، اویس اور غنی گروپ سمیت اینجل، سمیرا، آصف، علی عاقل، علی (پوپر) اور پی این سی اے نے بلوچی لیوا پر بہترین رقص پیش کیا اور خوب داد سمیٹی۔