پاکستان کے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹریکچر میں ایک بار پھر تبدیلی کے اشارے ملنے لگے۔
ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ٹاپ آفیشلز ڈومیسٹک کرکٹ سے سامنے آنے والے نئے ٹیلنٹ سے زیادہ خوش نہیں ہیں۔
ذرائع کے کا کہنا ہےکہ ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی اور سینئر جی ایم جنید ضیا سے ٹاپ مینجمنٹ خوش نہیں لیکن فی الحال دونوں سے ملازمتیں بچ گئی ہیں، گزشتہ دنوں ڈومیسٹک کرکٹ میں اصلاحات کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں عبداللہ اور جنید دونوں ہی شامل نہیں تھے، یہ ان پر عدم اعتماد کا واضح ثبوت تھا۔
مزید پڑھیں: “ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے سے کبھی انکار نہیں کیا”
حال ہی میں عبوری ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سے الگ ہونے والے عاقب جاوید اور وہاب ریاض کے سوا دیگر نان کرکٹرز بلال افضل (ایڈوائزر ٹو چیئرمین) سمیر سید (سی او او ) اور خواجہ ندیم (صدر آر سی اے لاہور) اس کمیٹی میں شامل ہیں، انہیں 5 ورکنگ ڈیز میں رپورٹ چیئرمین کے پاس جمع کرانے کی ہدایت دی گئی تھی۔
ذرائع نے مزید کہا کہ جائزے کے کام میں عاقب جاوید پیش پیش رہے، وہاب ریاض کو اپنے دوست سلمان بٹ سے بھی مشورے ملتے رہے، اب ڈومیسٹک کرکٹ میں ایک بار پھر ٹیموں کی تعداد 18 سے کم کرکے 9 کرنے پر غور کیا جانے لگا ہے، اور اس حوالے سے جلد کوئی فیصلہ متوقع ہے۔
اعلیٰ حکام کم ٹیلنٹ لیکن مگر کوالٹی کرکٹ کے حق میں ہیں تاکہ اس سے سامنے آنے والا ٹیلنٹ قومی ٹیم کی نمائندگی کے اہل ہوں۔