وزیرِ اعلیٰ خبیر پختون خوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ معدنیات بل میں واضح ہے کسی کو بھی صوبے کا اختیار نہیں دیا جا رہا۔
مجوزہ معدنیات قانون سے متعلق اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ معدنیات بل سے متعلق سوشل میڈیا پر مفروضے چل رہے ہیں۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ جس کو سمجھ آتی ہے وہ بل خود پڑھ لیں، جس کو سمجھ نہیں آتی وہ کسی وکیل کے ساتھ بیٹھ جائیں، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور نہ ہی وفاقی حکومت کو اختیار دیا جا رہا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ خبیر پختون خوا نے کہا کہ آپ لوگوں نے بل پڑھا ہی نہیں اور مفروضوں پر بیانیہ بنا لیا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اصلاحات کے بغیر بھی مائنز اینڈ منرلز کا ریونیو ساڑھے 3 ارب بڑھایا ہے، بل میں ترمیم کی ضرورت پڑی تو کرلیں گے۔