زینت امان نے اپنی شوبز میں واپسی اور کپور خاندان سے وابستہ یادیں تازہ کردیں، اپنی کامیابی کا کریڈٹ بھی کپور خاندان کو دے دیا۔
بالی ووڈ کی سینئر اور باوقار اداکارہ زینت امان حالیہ دنوں میں ایک طبی عمل سے گزرنے کے بعد اب مکمل صحتیابی کی جانب گامزن ہیں، اداکارہ نے اگرچہ اپنی اسپتال میں داخلے کی وجوہات ظاہر نہیں کیں، لیکن سوشل میڈیا پر واپسی کے ساتھ مداحوں کو صحت سے متعلق مثبت خبر ضرور دی۔
زینت امان نے انسٹاگرام پر پرانی یادوں کا خزانہ کھولا، فلمی پوسٹرز اور یادگار تصاویر شیئر کرتے ہوئے ایک طویل مگر دل کو چھو لینے والا کیپشن لکھا، جس میں اُنہوں نے اپنے کیریئر میں اہم کردار ادا کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
زینت امان نے پوسٹ کی ابتدا یوں کی کہ “موقع، خود اعتماد اور محنت، کامیابی آسانی سے نہیں ملتی اور اگر آپ اپنے شعبے میں کامیابی کی بلندیوں پر پہنچیں، تو ان لوگوں کو ضرور یاد رکھیں جنہوں نے یہ سفر ممکن بنایا۔
انہوں نے لکھا کہ گزشتہ شام جب ڈاکٹر نے نہایت احتیاط سے میرے stitches نکالے، تو میرا ذہن اُن کئی افراد کی جانب چلا گیا جنہوں نے میرا کیریئر بنانے میں مدد کی، جس میں خصوصاً کپور خاندان شامل ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ آج کے نوجوان شاید کرینہ، کرشمہ یا رنبیر کپور سے واقف ہوں، لیکن ان سے پہلے بھی کئی عظیم اداکاروں نے بالی ووڈ کو سنوارا اور ان میں سے اکثر کے ساتھ میں نے خود بھی کام کیا۔
زینت امان نے لکھا کہ شاندار راج، دلکش شمی، پرکشش ششی، بے فکر رندھیر اور باہمت رشی جیسے سپر اسٹارز کے ساتھ اپنی یادیں، کلپس اور کہانیاں آپ سب کے ساتھ شیئر کروں گی۔