اسلام آباد:
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ آج کا دن پورے ملک کے لیے ایک اہم معاملہ تھا جبکہ کینالز کے معاملے پر سندھ میں کافی اضطراب پایا جاتا تھا تاہم آج یہ مسئلہ ختم ہوگیا۔
مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ کینال کے معاملے پر سندھ کے عوام میں کافی اضطراب پایا جاتا تھا تاہم آج کے فیصلے پر سندھ کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
مراد علی شاہ نے وزیر اعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس اہم معاملے کی نزاکت کو سمجھا اور مثبت کردار ادا کیا۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ نگران دور حکومت میں منظور ہونے والے اس متنازع منصوبے کے خلاف سندھ حکومت نے بھرپور آواز اٹھائی۔ ان کے اعتراضات کی وجہ سے منصوبے کی ایکنک سے منظوری چار مرتبہ مؤخر کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے پر اب تک ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بعض حلقوں کی جانب سے کہا جا رہا تھا کہ صوبے منصوبے کی منسوخی پر راضی نہیں ہوں گے، لیکن ایسا نہیں ہوا۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سی سی آئی (کونسل آف کامن انٹرسٹ) کا فیصلہ ہے کہ اتفاق رائے کے بغیر کوئی نئی نہر نہیں نکالی جائے گی، سات فروری کو ایکنک کی جانب سے دی گئی عارضی منظوری کو بھی واپس لینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہروں کے معاملے پر بہت زیادہ پروپیگنڈا کیا گیا، حتیٰ کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو بھی بدنام کرنے اور سندھ میں عوام کو اس معاملے پر ورغلانے اور گمراہ کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی۔