ایشیا کی سب سے امیر ترین شخصیت مکیش امبانی کے بچوں، اکاش، ایشا اور اننت کی کمائی سے متعلق دلچسپ انکشاف سامنے آیا ہے۔
مکیش دھیرو بھائی امبانی ایک ہندوستانی ارب پتی اور تاجر ہیں جو ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین اور مینجنگ ڈائریکٹر ہیں، وہ ایشیا کے امیر ترین اور دنیا کے 10ویں امیر ترین شخص ہیں۔
مکیش اور نیتا امبانی کے تین بچے، کاش، ایشا اور اننت ہیں جبکہ یہ تینوں بھی اب کارپوریٹ دنیا میں قدم رکھ چکے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اکاش، ایشا اور اننت ریلائنس انڈسٹری کے حصے کے طور پر کام کرتے ہیں۔
اکاش امبانی 2014ء میں اپنے والد کی انڈسٹری میں کام کرنے والے خاندان کے پہلے فرد تھے، وہ جون 2022ء سے ریلائنس کی ٹیلی کام یونٹ، جیو انفوکام کے چیئرمین کے طور پر کام کر رہے ہیں اور تین برسوں کے دوران اربوں ڈالر کے سودوں کا ایک سلسلہ دیکھ چکے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اکاش نے حال ہی میں ڈزنی اسٹار کے ساتھ تازہ ترین معاہدہ جیو سنیما اور ڈزنی ہوٹ اسٹار سائن کیا ہے۔
اس معاہدے میں جیو اور ڈزنی دونوں فریقوں کی جانب سے 1.5 بلین امریکی ڈالر کی بڑی سرمایہ کاری کی گئی ہے، Jio کے پاس اس منصوبے میں 51 فیصد شیئرز موجود ہیں۔
اس کے علاوہ بھی اکاش امبانی کئی معاہدوں اور بڑی ڈیلز کا حصہ رہے ہیں۔
مکیش اور نیتا امبانی کی اکلوتی بیٹی، ایشا امبانی نے اگست 2023ء میں ریلائنس ریٹیل وینچرز کی ڈائریکٹر کا کردار سنبھالا تھا، وہ کمپنی کے ریٹیل، ای کامرس اور لگژری کاروبار کی قیادت کرتی ہیں۔
ایشا امبانی نے اب ریلائنس ریٹیل کو ایک نئی سمت میں لے جانے اور پریمیم گروسری مارکیٹ میں داخل ہونے کا بھی فیصلہ کیا ہے کیوں کہ ایشا کی قیادت میں ریٹیل ڈیپارٹمنٹ کے ریونیو نے ریکارڈ توڑ فوائد حاصل کیے ہیں۔
وہ فی الحال Ajio اور Tira جیسے سرفہرست برانڈز کی قیادت کر رہی ہیں۔
اننت امبانی مکیش اور نیتا امبانی کے سب سے چھوٹے بیٹے ہیں، وہ مارچ 2020ء سے Jio پلیٹ فارم بورڈ کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے مئی 2022ء میں ریلائنس ریٹیل کے ڈائریکٹر اور جون 2021ء میں اس کے نیو پاور کاروبار کا عہدہ سنبھالا تھا۔
25 اپریل 2025ء کو اننت امبانی کو آئندہ پانچ سال کے لیے ریلائنس انڈسٹریز کا بطور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مارکیٹ ویلیو کے لحاظ سے ہندوستان کی سب سے بڑی کمپنی میں ایک ایگزیکٹو کے طور پر اننت کی پوزیشن میں نئی تبدیلی ریلائنس کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے جو اس کی قیادت کو مضبوط کرتی ہے۔
کاش، ایشا اور اننت امبانی کی تنخواہ کتنی ہے؟
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مکیش امبانی اور نیتا امبانی کے تینوں بچے اکاش، ایشا اور اننت کو مقررہ تنخواہیں نہیں ملتیں تاہم، وہ ریلائنس انڈسٹری کے ذریعے اپنے عہدوں کی فیس اور منافع پر کمیشن کماتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ان تینوں کی حتمی کمائی سے متعلق تو کچھ نہیں کہا جا سکتا مگر 2024ء میں ’ٹائمز آف انڈیا‘ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اننت کو تقریباً 4.2 کروڑ سالانہ کا پیکج مل رہا ہے جبکہ ان کی ماہانہ تنخواہ 35 لاکھ روپے مقرر ہے۔