کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملتان سلطانز کے آل راؤنڈر مائیکل بریسویل کا کہنا ہے کہ ہمیں ایک یونٹ کے طور پر بہتر کھیلنے کی ضرورت ہے، ایسے مقابلے میں جہاں چار ٹیمیں کوالیفائی کرتی ہوں وہاں واپس آنے کیلئے صرف چند جیت کی دوری پر ہوتے ہیں ،ہم نے امید نہیں ہاری ہے۔ توجہ اپنے اگلے میچ پر ہے۔ دوسری جانب اسپن بولنگ کوچ الیکس ہارٹلے اب بھی پلے آف کیلئے پرامید ہیں ۔ بریسویل کہتے ہیں رضوان شاندار کپتان ہیں۔ انہوں نے لاہور قلندرز کے خلاف شاندار اننگز کھیلی ۔ بدقسمتی ہے کہ ہم 185 کا دفاع نہیں کر سکے۔ چھ میچوں میں صرف ایک میچ جیت پائے ہیں یہ یقینی طور پر وہ جگہ نہیں ہے جہاں آپ خود کو دیکھنا چاہتے ہیں۔ ادھر اسپن بولنگ کوچ الیکس ہارٹلے نے کہا کہ ملتان سلطانز کے ساتھ یہ میرا دوسرا سیزن ہے۔ اس سال فتوحات کم ہیں اس لیے تھوڑا دباؤ میں ہیں لیکن اب بھی پلے آف کے لیے کوالیفائی کرسکتے ہیں، سب پازیٹیو ہیں جو کہ بہت اچھی بات ہے۔