واشنگٹن(نیوز ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ انہیں لگتا ہے کہ روس کے صدر پیوٹن جنگ روکنا نہیں چاہتے، پیوٹن کے پاس گزشتہ چند دنوں میں شہری علاقوں، شہروں اور قصبوں پر میزائل داغنے کی کوئی وجہ نہیں تھی۔یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے ہفتے کو پوپ فرانسس کی آخری رسومات سے قبل سینٹ پیٹرز بیسلیکا میں مختصر ملاقات کی تھی جو وائٹ ہاؤس میں ہونے والی جھڑپ کے بعد ان کی پہلی ملاقات تھی اور بعد ازاں امریکی صدر نے اس بات پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا تھا کہ آیا روسی رہنما ولادیمیر پیوٹن امن معاہدہ چاہتے ہیں یا نہیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ولودیمیر زیلنسکی نے کہا کہ انہوں نے روس کے ساتھ ممکنہ غیر مشروط جنگ بندی پر تبادلہ خیال کیا اور بہت علامتی ملاقات سے نتائج کی امید ہے اور یہ ملاقات تاریخی بننے کی صلاحیت رکھتی ہے، روم چھوڑنے کے بعد ٹرمپ نے روسی صدر کے لیے ایک نئے نقطہ نظر کا اشارہ دیا۔