لندن میرا تھن کا ویمن ٹائٹل اولمپک سلور میڈلسٹ ایتھوپیا کی ٹگسٹ آصیفہ نے ریکارڈ وقت کے ساتھ جیت لیا، مینز ایونٹ میں سباسٹین ساوے فاتح رہے۔
لندن میراتھن میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم 40 سے زائد پاکستانی رنرز نے بھی شرکت کی۔
دُنیا کی 6 بڑی میراتھن میں سے ایک لندن میراتھن میں 56 ہزار سے زائد رنرز نے حصہ لیا، ویمن ایونٹ میں اولمپک کی میراتھن میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی ایتھوپیا کی ٹگسٹ آصیفہ نے ٹائٹل اپنے نام کیا، اُنہوں نے ریس کا مقررہ فاصلہ خواتین ایونٹ میں نئے ریکارڈ وقت کے ساتھ طے کیا، آصیفہ نے 2 گھنٹے 15 منٹ اور 50 سیکنڈز میں فنشنگ لائن عبور کی۔
مینز ایونٹ کا ٹائٹل لندن میراتھن میں پہلی بار شرکت کرنے والے کینیا کے سیباستین ساوے نے جیتا، اُنہوں نے فاصلہ 2 گھنٹے 2 منٹ 27 سیکنڈز میں طے کیا۔
ریس کے آخری 10 کلو میٹر سے اُنہوں نے تیزی دکھائی اور دیگر ایتھلیٹس کو پیچھے چھوڑتے ہوئے فتح حاصل کی، لندن میراتھن میں پاکستانی رنرز نے بھی بھرپور شرکت کی۔
10 پاکستانی رنرز نے 42 اعشاریہ 195 کلو میٹر کا فاصلہ 4 گھنٹے سے کم وقت میں مکمل کیا۔
اسلام آباد کے فرقان مسعود اس ریس میں پاکستان کے تیز ترین رنر رہے، فرقان مسعود نے فاصلہ 3 گھنٹے، 10 منٹ اور 7 سیکنڈز میں طے کیا، سلمان الیاس نے اپنی دوڑ 3 گھنٹے 18 منٹ اور فصیح صالح نے 3 گھنٹے 21 منٹ میں مکمل کی۔
پاکستان کے حامد بٹ نے اپنا دوسرا سکس اسٹار میڈل حاصل کیا، حامد بٹ دو مرتبہ سکس اسٹار میراتھون مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی رنر ہیں،
پاکستانی نارویجیئن ایمی میر پاکستانی خواتین میں سب سے آگے رہیں،
ایمی میر نے فاصلہ 3 گھنٹے 52 منٹ میں طے کیا۔