مانی نے شادی، حرا کی حمایت اور تنقید کا سامنا کرنے پر کھل کر ردعمل کا اظہار کردیا۔
پاکستان کے معروف میزبان، اداکار اور کامیڈین مانی کا اصل نام سلمان ثاقب شیخ ہے، انہوں نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں اپنی ذاتی زندگی، شادی کے فیصلے، حرا مانی کی پیشہ ورانہ حمایت اور سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔
مانی نے بتایا کہ وہ اپنے کیریئر کے عروج پر 2008ء میں شادی کے بندھن میں بندھے۔
انہوں نے کہا میرا چھوٹا بھائی شادی کر رہا تھا اور معاشرتی دباؤ تھا کہ بڑا بھائی ابھی تک غیر شادی شدہ ہے، اس لیے میں نے شادی کا فیصلہ کر لیا، اصل میں میں شادی کے بارے میں سنجیدہ نہیں تھا، محض 6 ماہ کا ایک افیئر تھا جس کے بعد میں دور ہو گیا، مگر جلد ہی احساس ہوا کہ حرا ہی وہ لڑکی ہے جس کے ساتھ میں اپنی زندگی گزارنا چاہتا ہوں، اس وقت میں کافی مشہور تھا اور حرا میری مداح تھی، اس کا خاندان میرے خلاف تھا، لیکن میں نے ایک دن حرا سے رابطہ کیا اور اسے شادی کی پیشکش کر دی، فیصل قریشی کی بیگم نے ہمیں جلد شادی کرنے کا مشورہ دیا اور یوں ہم 2 ماہ میں رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔
مانی نے مزید کہا کہ مجھے اپنی بیوی کی حمایت کرنے پر تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا، لیکن اب میں اس تنقید کی کوئی پرواہ نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ میں بیوی کی محبت میں اندھا ہوگیا ہوں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہمارے معاشرے میں عورتوں کو کام کرنے سے روکا جاتا ہے اور یہی رجعت پسند سوچ معاشرتی مسائل پیدا کر رہی ہے، میں نے ہمیشہ خواتین کی حوصلہ افزائی کی ہے، چاہے وہ میری بیوی ہو، بیٹی ہو یا سالی، میرے والد نے بھی اپنی بیٹی کو میڈیا میں کام کرنے کی اجازت دی تھی اور میں بھی یہی چاہتا ہوں۔
مانی نے حرا کی محنت اور کامیابی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی اب ہمارے گھر میں منتقل ہو چکی ہے، وہ میرے بعد اب حرا کے پاس ہے، حرا نے اپنے فن میں بے پناہ بہتری پیدا کی ہے اور میں اس پر فخر محسوس کرتا ہوں۔
سوشل میڈیا پر تنقید اور نفرت انگیز تبصروں کے بارے میں بات کرتے ہوئے مانی نے کہا کہ اب یہ چیزیں مجھے متاثر نہیں کرتیں، ایک بار حرا نے مجھے کہا کہ تبصرے پڑھنا چھوڑ دو اور اس دن کے بعد میں نے کسی بھی قسم کی منفی رائے کو خود پر سوار کرنا چھوڑ دیا۔