پاکستان کرپٹو کونسل اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان کرپٹو کونسل کا قیام ہوچکا ہے، ملک میں کرپٹو سے متعلق بہت مواقع ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ہم نے بہت کم وقت میں کرپٹو سے متعلق پیش رفت کی، پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے پُرکشش مواقع ہیں، پاکستان کرپٹو کونسل کے قیام کے بعد ریگولیٹری فریم ورک بنایا جا رہا ہے، اور امریکی ادارے کے درمیان ایم او یو سائن کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کرپٹو کرنسی کو ریگولیٹ کرنے کیلئے پاکستان کرپٹو کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا تھا، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب پاکستان کرپٹو کونسل کے سربراہ جبکہ وزیر خزانہ کے چیف ایڈوائزر برائے پاکستان کرپٹو کونسل بلال بن ثاقب کو سی ای او مقرر کیا گیا۔
گزشتہ دنوں پاکستان نے اپنی فاضل بجلی کو بٹ کوائن مائننگ اور اے آئی انفراسٹرکچر کیلئے مختص کرنے کا اعلان کیا تھا۔
برطانوی نیوز ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان اپنی فاضل بجلی کا کچھ حصہ بٹ کوائن مائننگ اور مصنوعی ذہانت (AI) کے ڈیٹا سینٹرز کو بجلی فراہم کرنے کیلئے استعمال کرے گا، جو توانائی اور ٹیک پالیسی میں ایک اہم تبدیلی ہے جس کا مقصد اضافی صلاحیت کو اقتصادی مواقع میں بدلنا ہے۔
دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو ایکسچینج بائنانس کے بانی چانگ پینگ ژاؤ پاکستان کرپٹو کونسل کے اسٹریٹجک مشیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔
ژاؤ پاکستان میں بلاک چین انفراسٹرکچر کی معاونت، ریگولیٹری فریم ورک کی رہنمائی اور ڈیجیٹل کرنسی، مائننگ اور نوجوانوں کی بلاک چین ٹیکنالوجیز میں تربیت جیسے منصوبوں میں مدد فراہم کریں گے۔