WASHINGTON:
وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو محمد اورنگزیب نے امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار سے ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی عدم توازن دور کرنے کے لیے تعمیری انداز میں روابط بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی محکمہ خارجہ میں انڈر سیکریٹری برائے اکنامک گروتھ، انرجی اور انوائرمنٹ کے دفتر میں سینئر عہدیدارتھامس لرستن سے ملاقات کی ہے۔
وزیرِ خزانہ نے ملاقات میں پاکستان میں منعقدہ منرلز کانفرنس میں امریکا کی بھرپور اور اعلیٰ سطح پر شرکت پر شکریہ ادا کیا اور انہوں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی عدم توازن دور کرنے کے لیے تعمیری انداز میں روابط بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
محمد اورنگزیب نے امریکی عہدیدار کو آگاہ کیا کہ جلد ہی ایک اعلیٰ سطح پر تجارتی اور سرمایہ کاری وفد امریکا کا دورہ کرے گا تاکہ باہمی فائدے کی بنیاد پر معاشی روابط کے نئے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔