کراچی:
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شنگھائی کے میئر گونگ ژینگ سے ملاقات کی جس میں باہمی تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی گئی۔اس ملاقات کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی، ویسٹ ٹو انرجی منصوبوں، توانائی اور شہری خدمات سمیت اہم شعبوں میں مواقع تلاش کرنا تھا۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے چینی سرمایہ کاروں کو کراچی کے جاری ترقیاتی منصوبوں میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے شہر کی بین الاقوامی تعاون کے مرکز کے طور پر صلاحیت کو اجاگر کیا، تعلیمی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے انہوں نے کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کے پروگراموں کے ذریعے چینی طلباء کو اسکالر شپ دینے کا اعلان بھی کیا۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر میں ایک عوامی مقام تعمیر کرنے کا اعلان کیا جو چین کے عوام اور ان کے عظیم رہنما چینی کمیونسٹ پارٹی کے پہلے چیئرمین، چیئرمین ماؤ زے تنگ کو خراج عقیدت پیش کرے گا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور شنگھائی کے میئر گونگ ژینگ نے کراچی اور شنگھائی کے درمیان طویل مدتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے اپنی مضبوط عزم کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں مزید تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
میونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی (PAS)، مشیر مالیات کے ایم سی گلزار علی ابڑو اور سینئر ڈائریکٹر کلچر و اسپورٹس مہدی مالوف بھی میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ ہیں، ملاقات کے دوران میئر کراچی نے میئر گونگ ژینگ کو سندھ کی ثقافتی پہچان اجرک اور ایک سووینئر پیش کیا جو دونوں شہروں کے درمیان دوستی کی علامت ہے۔
یہ اعلیٰ سطحی ملاقات کراچی اور شنگھائی کے درمیان تعلقات کو گہرا کرنے اور ایک پائیدار اور متحرک شراکت داری کے فریم ورک کی تعمیر کی جانب ایک اہم قدم ہے۔