37 C
Lahore
Saturday, April 26, 2025
ہومانٹرٹینمنٹزینت امان صحت کی خرابی کے باعث سوشل میڈیا سے غائب

زینت امان صحت کی خرابی کے باعث سوشل میڈیا سے غائب


— تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

بالی ووڈ کی مایہ ناز اداکارہ زینت امان نے گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا سے دوری کی وجہ سے پردہ اُٹھا دیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے اسپتال کے بستر سے تصاویر شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا سے غائب رہنے کی وجہ بتا دی۔

انہوں نے گزشتہ روز طویل پوسٹ شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا سے مختصر وقفہ لینے کی وجہ بتائی اور بتایا کہ صحت کی خرابی کی وجہ سے کچھ عرصے سے اسپتال میں زیرِ علاج تھیں تاہم اب ڈسچارج ہو گئی ہیں۔

زینت کی پوسٹ کی گئی پہلی تصویر میں انہیں اسپتال کے ریکوری روم میں دیکھا جا سکتا ہے، تصویر میں اداکارہ کسی کو اشارہ کر رہی ہیں تاہم مذکورہ شخص فریم میں نہیں ہے۔

دوسری تصویر میں سینئر اداکارہ کھانا کھاتے ہوئے اپنی بائیں آنکھ ہاتھ سے ڈھانپتے ہوئی دکھائی دیں جبکہ تیسری تصویر ان کے عقب سے لی گئی ہے جس میں وہ اسپتال کے بستر پر بیٹھی ہوئی ہیں جبکہ کمرے میں اسپتال کا عملہ بھی موجود ہے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے لکھا ہے کہ ریکوری روم سے ہیلو، اگر آپ سمجھ رہے ہیں کہ میں نے سوشل میڈیا چھوڑ دیا ہے تو اس کا الزام میں آپ کو نہیں دوں گی کیونکہ گزشتہ چند ہفتوں سے میرا پروفائل غیر فعال رہا ہے، جس کی وجہ کچھ زیرِ التواء میڈیکل پروسیجرز تھے، تاہم اب میں واپس آ گئی ہوں، آپ سب کو انسٹاگرام پر کہانیاں سنانے، اگر آپ کسی مخصوص عنوان پر کچھ جاننا چاہتے ہیں تو کمنٹس میں بتائیں۔

اس کے ساتھ ہی سینئر اداکارہ نے انسٹاگرام پر 2 سال مکمل ہونے کا جشن بھی منایا اور لکھا کہ میں نے رواں سال فروری میں انسٹاگرام پر 2 سال مکمل کر لیے جبکہ اپریل میں میرے فالوورز کی تعداد 8 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

انہوں نے لکھا ہے کہ جب میں نے انسٹا گرام کا استعمال شروع کیا اس وقت بہت خوفزدہ تھی لیکن اب ایسا نہیں ہے، مگر اس اکاؤنٹ کو مونیٹائز کروانے سے پہلے میں یہ یاد دلانا چاہتی ہوں کہ انسٹاگرام حقیقت نہیں ہے، ماضی میں مشہور مصنوعات کی توثیق ٹی وی یا اشتہارات کے ذریعے اعلانیہ ہوا کرتی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہے۔

زینت امان نے لکھا کہ چونکہ آپ سب مجھے میرے بیٹوں سے زیادہ سنجیدگی سے لیتے ہیں اس لیے آپ کو مشورہ دوں گی کہ سوشل میڈیا کا استعمال خالی دماغ 6، 6 گھنٹے نہ کریں، بغیر سوچے سمجھے جو نظر آ رہا ہے اسے خریدنے نہ بھاگیں، اپنے اعصاب پر قابو رکھیں، مکمل صحت یاب ہونے پر آپ سب کے ساتھ دوبارہ پہلے کی طرح متحرک انداز میں رابطہ کروں گی۔

اداکارہ کی پوسٹ کے کمنٹس میں صارفین نے ان کی جلد مکمل صحت یابی کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

زینت امان جلد نیٹ فلکس سیریز دی رائیلز میں نظر آئیں گی جو 9 مئی کو ریلیز ہو گی۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات